وہاڑی (میڈیا رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء نے پولیس کے خلاف دوسرے روز بھی ہڑتال کی۔ وکلاء نے ملتان وہاڑی روڈ بند کرکے احتجاجی دھرنا دیا اور پولیس کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
وہاڑی کے وکلاء اور پولیس کے درمیان جاری جنگ دوسرے روز میں داخل ہو گئی۔ پاک ایشیا ویب ٹی وی کے میڈیا رپورٹر شمعون نذیر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وکلاء نے وہاڑی ملتان روڈ بند کرکے ڈی پی او آفس کا گھیراؤ کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ ممبر پنجاب بار راؤ شیراز رضا نے کہا کہ پولیس اس ضلع کو پولیس اسٹیٹ بنانا چاہتی ہے جو کسی صورت نہیں ہونے دیں گے انہوں نے کہا کہ دو دن سے وکلاء سڑکوں پر ہیں انصاف نہیں مل رہا جس سے وکلاء میں بے چینی پائی جارہی ہے۔
صدر بار بابر منظور دوگل نے کہا کہ وکلاء کو ناجائز طریقے سے احاطہ کچہری سے گرفتار کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جو کہ پولیس گردی کی بدترین مثال ہے۔ ہم پُر امن ہیں مگر اسے کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ جنرل سیکرٹری رانا عمران ریاست نے کہا کہ آج شام تک مذاکرات کامیاب ہوگئے تو ٹھیک ورنہ پولیس کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے بھی نمٹیں گے انہوں نے کہا کہ جن پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی وہ تاحال ڈیوٹی کررہے اور پولیس اپنے پیٹی بھائیوں کے خلاف کاروائی بھی نہیں کر رہی۔
وکلاء کے احتجاج کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک وہاڑی ملتان روڈ بند رہاجس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور کئی گھنٹے ٹریفک بند رہی۔