Jumma Kareem Ep #6 Part 2 with Aamir Liaquat Husain on Geo tv at 5-4-2013
جیو پر جمعہ کریم کی براہِ راست نشریات، عامر لیاقت کی گفتگو نے سماں بندھ دیا
[جیو پر جمعہ کریم کی براہِ راست نشریات، عامر لیاقت کی گفتگو نے سماں بندھ دیا]
کراچی(اسٹاف رپورٹر) میڈیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جمعے کی برکتوں کو سمیٹنے کے لیے جیو نیٹ ورک نے براہ راست نشریات پیش کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دو گھنٹوں پر مشتمل اس تاریخ ساز نشریات کو ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے منفرداندازمیں پیش کیا ۔”جمعہ کریم“ کے عقیدت افروز عنوان سے پیش کی جانے والی نشریات کے آغازمیں ملک کے ممتازقاری سید انوارالحسن شاہ نے خوش الحانی کے ساتھ سورہٴ آل عمران کی منتخب آیات تلاوت کرنے کی سعادت حاصل کی اور اپنے حسن قرأت سے ناظرین کی سماعتوں کو معطر کیا۔تلاوت کلام پاک کے بعد ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے اِن آیات کا ترجمہ پیش کیا اورناظرین کو اہم تفسیری نکات سے آگاہ کیا۔ نشریات کی خاص بات ”سب سے بہترین خدمت“ کے عنوان سے پیش کیا جانے والا سلسلہ تھا جس میں محمودہ سلطانہ فاوٴنڈیشن کی جانب سے ضرورت مند خاتون کی مالی اعانت کی گئی جواپنی بہن کی شادی پر اٹھنے والے اخراجات کی استطاعت نہیں رکھتی تھیں۔ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے دکھی خاتون کی دادرسی کرتے ہوئے محمودہ سلطانہ فاوٴنڈیشن کی جانب سے ان کی بہن کے جہیز کے لیے بیش قیمت سامان کا عطیہ دیا اورشادی کے موقع پرمہمانوں کی ضیافت کے لیے درکار تمام تراخراجات کی ذاتی طور پر ادائیگی کا اعلان بھی کیا اور اور بیش قیمت زیورات بھی اُن کے حوالے کیے جو امریکامیں مقیم ایک مخیر خاتون نے عطیہ کیے تھے۔روح پرورنشریات کے دوران ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ممتازصحابیہ حضرت زینب بنت ابوسلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ایمان افروزتذکرے سے ناظرین کے دلوں کومنور کیا اوراکابرین کے حکمت آمیز اقوال ونصیحت سے آراستہ اپنی پُر اثر گفتگو سے ایک بابرکت فضا قائم کردی۔گفتگو کے دوران انہوں نے یوم جمعہ کی مناسبت سے بعض اہم نکات بیان کرتے ہوئے ناظرین کوہروقت اللہ کا شکر اداکرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بھوک اور خوف سے بچے رہنا اللہ کا خاص انعام ہے ، اِس کی قدر کرنا چاہیے، ناشکری نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ناشکری کرنے سے نعمت چھن جاتی ہے۔بعدازاں ملک کے معروف ثناخواں احمد رضا قادری اور شعیب عالم رحمانی نے خوبصورت انداز میں نعتوں کا نذرانہ پیش کرکے سماں باندھ دیا۔جمعہ کریم کی اس منفرد نشریات کو ناظرین ہفتے کی صبح 7بجے اور اتوار کودوپہر12بجے نشرمکرر کے طور پر بھی ملاحظہ کرسکیں گے۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat