پِپلاں (عبدالرزاق خان — مِیڈیا رِپورٹر) فود اتھارٹی میانوالی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹری سے ہزاروں تیار شدہ بوتلیں پکڑ کر تلف کر دیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی میانوالی رضا الرحمن کی نگرانی میں پپلاں تحصیل کے انچارج محمد عادل زمان، فوڈ سیفٹی آفیسر اورفوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کوہ نور ٹاون پپلاں میں واپڈا پاور ہاوس چوک کے قریب قائم جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپے کے دوران مختلف برانڈز کے جوس کی سینکروں مضر صحت بوتلیں ضبط کر لیں۔ پاک ایشیا ویب ٹی وی کے میڈیا رپورٹر عبدالزاق خان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب جوس تیار کرنے والی فیکٹری کی رجسٹریشن کے کاغذات چیک کیےگئے تو فیکٹری انتظامیہ کسی قسم کا ٹھوس قانونی دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی میانوالی رضا الرحمن اور فوڈ سیفٹی آفیسر محمد عادل زمان نے پاک ایشیا ویب ٹی وی کو بتایا کہ جب تیار شدہ جوس کے مختلف برینڈز کو چیک کیا گیا تو وہ جعلی ثابت ہوئے۔کارخانہ میں جعلی جوس تیار کر کے بوتلوں پرمختلف شہروں کے سٹیکرز لگا کر مختلف اضلاع میں سپلائی کیے جاتے تھےاور گزشتہ کئی ماہ سے یہ مذموم دھندہ جاری تھا۔ کارخانہ اور سٹور سے پکڑے گئے مختلف برینڈز کے سٹیکرز پر ملتان ، لاہور اور دیگر شہروں کے پتے درج ہیں۔ رضا الرحمن کا کہنا تھا کہ کہ جوس کی شکل میں کیمیکل سے تیار شدہ یہ زہر ایک طویل عرصہ سے لوگوں کو پلایا جارہا تھا اس لیے تمام جوس کے پیکٹ موقع پر ہی تلف کر کے فیکٹری مالک محمد عمران کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے رپورٹ بھیج دی گئی ہے۔