وہاڑی (میڈیا رپورٹر) وکلا پر پولیس تشدد کے واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار وہاڑی نے آج ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ وکلاء کا پولیس گردی کے خلاف مکمل ہڑتال کا اعلان، وکلاء آج کسی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔
چوہدری بابر منظور دوگل ایڈووکیٹ صدر اور رانا عمران ریاست خاں ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار نے میڈیا رپورٹر پاک ایشیا ویب ٹی وی شمعون نذیر کو بتایا کہ گزشتہ روز وہاڑی پولیس کی جانب سے وہاڑی بار کے د و ممبران کو کچہری سے گھر واپس جاتے ہوئے گرفتار کر کے سرعام بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد تھانہ دانیوال وہاڑی میں لے جا کر بھی بہیمانہ تشدد کیا گیا۔
پولیس گردی کے خلاف وہاڑی بار کے وکلاء آج بروز جمعرات مکمل ہڑتال کریں گے اور کسی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے. وہاڑی بار ارباب اختیار سے مطالبہ کرتی ہے کہ وکلاء پر تشدد کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع ہو جائے گا۔تشدد کا شکار وکلاء کا نام غلام مرتضی اور فراز اولکھ ہے۔
واضع رہے کہ اس سے قبل وکلاء کی جانب سے پولیس کے محرر کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا اور مبینہ طور پر نوجوان وکلاء کی جانب سے پولیس کے محرر پر تشدد کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے دو نوجوان وکلاء کو گرفتار کر لیا اور انہیں تھانے میں لے جا کر ان پر تشدد کیا اور اُن کو چھڑوانے کے لیے جانے والے وکلاء صاحبان کو بھی پولیس نے تھانہ دانیوال سے نکال دیاتھا۔