Jummah Kareem Ep # 16 Part 1 with Aamir Liaquat Husain on Geo tv at 24-5-2013
یوم ولادتِ علی رضی اللہ عنہ پرجیو کی فقیدالمثال نشریات،عقیدت کے روح پرور مناظر
جمعہ کریم کی خصوصی نشریات میں مولا علی رضی اللہ عنہ کی فضیلت پر ڈاکٹر عامر لیاقت کی گفتگو
ناظرین کی جانب سے پر مسرت جذبات کا اظہار، عمران شیخ عطاری اور احمد رضا قادری کا نذرانہ عقیدت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)بابِ مدینة العلم، مولودِ کعبہ،ابو تراب ،حیدرکرار،اسداللہ،سیدناعلی مرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کے یوم ولادت کی مناسبت سے جیو ٹیلی ویژن پرجمعہ کریم کی براہ راست خصوصی نشریات پیش کی گئیں ۔نماز جمعہ سے کچھ دیر قبل کی پُرنور ساعتوں میں نشرہونے والی اِس فقید المثال نشریات میں ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے مولودِکعبہ کی ولادت پرخوشی و مسرت کے اظہارکے ساتھ انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا،اُن کے فضائل ومناقب بیان کیے ،ان کی علمی بصیرت پراظہارخیال کیااور بعدازاں عالم اسلام کے ممتازثناخواں عمران شیخ عطاری اوراحمد رضا قادری کے ساتھ مولاعلی کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول بھی نچھاور کیے۔سیدنا علی مرتضٰیکے مبارک تذکرے سے موسوم جمعہ کریم کی خصوصی نشریات کاباقاعدہ آغازملک کے ممتازقاری انوارحسین سعیدی کی دلکش حسن قرأت سے ہوا جس کے دوران انہوں نے سورہٴ حج کی منتخب آیات کی تلاوت کا شرف حاصل کیا بعدازاں ڈاکٹرعامرلیاقت حسین نے اِن آیات کے ترجمہ وتفسیرکی سعادت حاصل کی۔ذکرِ حیدر پر مبنی اپنی اثرانگیز گفتگو کے دوران ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے قرآن واحادیث کے حوالوں اورتاریخ کی مستندکتابوں کی مددسے سیدناعلی کے فضائل ومناقب بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا علی مرتضیٰ کی ذات گرامی بہت سے کمالات اور خوبیوں کامجموعہ ہے ، شیر خدا ، داماد مصطفیﷺ ،سیدہ فاطمہکے شوہر نامدار، حسنین کریمین کے والد بزرگو ار ،فاتح خیبر اور میدانِ علم و خطابت کے شہسوار کی حیثیت سے آپ کی شخصیت غیرمعمولی اعزازات کی حامل ہے اِسی لیے دنیا آپ کو مظہر العجائب والغرائب کے لقب سے یاد کرتی ہے اور قیامت تک اِسی طرح یاد کرتی رہے گی۔ الیکٹرانک میڈیا پراکابرین سے موسوم ایام پرخصوصی نشریات کی داغ بیل ڈالنے والے سب کے پسندیدہ میزبان کا کہنا تھا کہ قمری سال کے مختلف مہینوں میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، صحابہ کرام،اہل بیت اطہار،امہات المومنین اور دیگر اکابرین اسلام پر خصوصی نشریات پیش کرنااُن کے اوراُن کی ٹیم کے لیے باعث سعادت ہے جس کا مقصد نئی نسل کو اسلاف کے اُن سنہری کارناموں سے آگاہ کرنا ہے جو اُنہوں نے دین کی سربلندی کے لیے انجام دیے۔روح پرور نشریات کے اختتامی حصے میں ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے معروف ثنا خواں عمران شیخ عطاری اوراحمد رضا قادری کے ساتھ مل کر مولاعلی کے حضور منقبتوں کے نذرانے پیش کیے اورمولودِکعبہ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے ناظرین پر سرشاری کی کیفیت طاری کردی ۔ علاوہ ازیں نشریات کے دوران وقفے وقفے سے سیدناعلیکے پُرحکمت اقوال پرمبنی معلوماتی سلائیڈز بھی پیش کی گئیں۔ تاریخ سازنشریات کے دوران ناظرین نے ٹیلیفون کالز کے ذریعے سیدنا علیکے یوم ولادت پرمسرت آمیز جذبات کا اظہار کیااور ایسی ایمان افروز نشریات پیش کرنے پرڈاکٹر عامرلیاقت حسین اور جیو نیٹ ورک کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
http://www.aamirliaquat.com/entries/Show/1473
www.AamirLiaquat.com, Twitter: @AamirLiaquat